8 ستمبر 2011 - 19:30

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر محمد خزاعی نے ایران کے خلاف فرانسیسی صدر کے بےبنیاد اور غیر ذمہ دارانہ بیانات پر ردعمل ظاہر کر تے ہوئے کہا کہ ایران اپنے دفاع میں کوئي دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گا۔

ابنا:‌ محمد خزاعی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو خط میں فرانسیسی صدر کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کے جواب ميں لکھا ہے کہ ایران اپنے دفاع کے لئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ محمد خزاعی نے اپنے اس سرکاری خط میں فرانسیسی صدر کے بے بنیاد، اشتعال انگيز اور غیرذمہ دارانہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس کی مذمت کی ہے۔اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیاں مکمل طرح سے پرامن ہیں اور تہران نے بارہا ایٹمی ہتھیاروں سمیت ہرطرح کے عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی مخالفت کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ فرانسیسی صدر سارکوزی اپنی پے در پے اقتصادی اور سیاسی ناکامیوں اور دو ہزار بارہ کے صدارتی انتخابات پر ان ناکامیوں کے اثرات کی بنا پر متعدد مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں۔ سارکوزی نے گذشتہ ہفتے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام نیز ایران پر ممکنہ حملوں کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ بیانات دئے تھے ۔ فرانس کے داخلی حلقوں نے بھی کہا ہے کہ سارکوزی کی باتیں امریکہ اور صہیونی ریاست کے بے بنیاد الزامات ہی کی طرح ہیں جن کا مقصد داخلی اور انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا ہے............./169